ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (پنجاب) میں کمان کی تبدیلی کی پُروقار تقریب

مورخہ 8 ستمبر 2022
ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (پنجاب)

ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (پنجاب) میں کمان کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹرجنرل پنجاب رینجرز میجر جنرل سید آصف حسین نے کمان کی روایتی چھڑی نئے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد قذافی کے سپرد کی۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر شہزاد منیر سمیت تمام سیکٹر کمانڈرز اور رینجرز کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اپنے الوداعی خطاب میں میجرجنرل سید آصف حسین نے رینجرز جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی اعلیٰ روایات اور روشن تاریخ کی بدولت پنجاب رینجرز ایک بے مثال قوت ہے جو نہ صرف مشرقی سرحدوں پر اپنی ذمہ داریاں بطریقِ احسن سرانجام دے رہی ہے بلکہ قومی سلامتی کے داخلی محاذوں پر بھی نبردآزما ہے۔
پنجاب رینجرز کے نئے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل محمد قذافی پیشہ ورانہ اورعسکری امور کے حوالے سے گرانقدرخدمات سرانجام دے چکے ہیں اور آپریشنل ذمہ داریوں کی انجام دہی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
رینجرز جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے نئے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ پنجاب رینجرز جیسی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم وضبط کی حامل فورس کی کمان اعزاز کا درجہ رکھتی ہے۔ انھوں نے قابلِ قدر خدمات پر میجر جنرل سید آصف حسین کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں